ملائیشیا کی حکومت نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل،چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی کو ملائیشیا کی طرف سے دنیا میں علمائے اسلام کو دیئے جانے والے سب سے اعلی ایوارڈ سے نوازا ہے،انہیں دنیا کی سب سے بااثر بین الاقوامی اسلامی شخصیت کے لئے ہجرت نبویہ ایوارڈ سے نوازگیاہے۔یہ ایوارڈ آپ کو اسلام کی حقیقی تصویر،اس کےعظیم اصول اور اقدار کو اجاگر کرنےاور اس کے عظیم انسانی مشن کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لئے اور اہل مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ اور عالمی امن کے لئے آپ کے کردار اور کوششوں کے اعتراف میں اس اعزازسے نوازا گیا ہے۔
یہ اعزازی تقریب نئے ہجری سال کے ایک بڑے روایتی جشن کے دوران منعقد ہوئی جس میں ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبد اللہ بن سلطان احمد اور وزیر اعظم جناب محی الدین یاسین کے علاوہ حکومتی اراکین اور ملائیشیا میں اسلامی اورغیر اسلامی ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی۔
مذکورہ ہجرت نبویہ ایوارڈ ملائیشیا کی حکومت کی طرف سے ہر ہجری سال کے آغاز میں بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیات کو دیا جانے والا سب سے اہم ایوارڈ ہے جو اسلام اور انسانیت کی خدمت میں نمایاں کردار اداکرنے والی شخصیات کو دیا جاتاہے۔