رابطہ عالم اسلامی نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد اقصی پر دھاوا بولنے ،اس کے دروازے بند کرنے اورمسجد کے اندر اور بیرونی صحنوں میں نہتے نمازیوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمدبن عبد الکریم العیسی نے رابطہ اور اس کی عالمی کونسلز،باڈیز اور اکیڈمیز کی جانب سے اس خطرناک صورتحال کی مذمت کی ہے جس میں اسلامی مقدسات کی حرمت اور نمازیوں کی سلامتی اور سکون کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف جارحیت اور مشرق وسطی کے امن کی بحالی کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ حملہ تمام قوانین کی خلاف ورزی اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں ،چارٹر اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کو روکنے کے لئے فوری مداخلت کرتے ہوئے اس کی مذمت کرے۔